Live Updates

ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان دھرموں بھاوانی کی زیر صدار ت سیلابی صورت حال نمٹنے کیلئے اجلاس

پیر 1 ستمبر 2025 15:59

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان دھرموں بھاوانی کی زیر صدارت فلڈ 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس چیف سیکریٹری سندھ کی ویڈیو لنک پر دی گئی ہدایات کے بعد فالو اپ کے طور پر بلایا گیا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان دھرموں بھاوانی نے اجلاس کو بتایا کہ مقبرو شریف میں ایک وسیع ٹینٹ سٹی قائم کیا جائے گا، تاکہ سیلاب سے متاثرہ بے گھر افراد کو فوری اور محفوظ عارضی رہائش فراہم کی جا سکے۔ ٹینٹ سٹی کے قیام کے بعد، مقبرو شریف ہی کے مقام پر ایک موبائل اسپتال کا بھی مکمل انتظام کیا گیا ہے، تاکہ طبی سہولیات فوری طور پر میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

ضلع کے مختلف مقامات پر ریلیف کیمپس تجویز کر دیے گئے ہیں، جن میں ممکنہ متاثرین کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ایسے چھ دیہات کی نشاندہی کر لی گئی ہے جہاں ممکنہ طور پر انخلا (evacuation) کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ ان میں سے تقریبا 25 فیصد آبادی پہلے ہی محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو چکی ہے۔ مال مویشیوں کے تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے علیحدہ کیمپ سائٹس بھی قائم کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر دھرموں بھاوانی نے اجلاس میں واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے اور تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، مثر اور مربوط انداز میں کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی آگاہی، انخلا کے منصوبے، اور ریسکیو آپریشنز میں قریبی رابطہ رکھا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں بھرپور کوآرڈینیشن کے ساتھ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :