پاکستان چین کے ساتھ مستقبل کی طرف دیکھنے والی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا، وفاقی وزیرخزانہ

پیر 1 ستمبر 2025 19:09

پاکستان چین کے ساتھ مستقبل کی طرف دیکھنے والی شراکت داری کو مزید مستحکم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان چین کے ساتھ مستقبل کی طرف دیکھنے والی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا اور مالی تعاون دونوں ملکوں کے وسیع تر معاشی تعلقات کی بنیاد کے طور پر کام کرے گا۔ انہوں نے یہ بات پیرکوبیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے مرکزی بینک (پیپلز بینک آف چائنا) کے گورنر ڈاکٹر پان گونگ شینگ اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا (آئی سی بی سی) کے چیئرمین لیاو لین سے الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔

پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے چین کی طویل سیاسی، سفارتی اور معاشی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی، اصلاحاتی پروگرام اور عالمی کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری کے مثبت اثرات پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مالی تعاون مزید بڑھایا جائے اور مشترکہ مفاد کے نئے شعبوں میں اشتراک کو آگے لے جایا جائے۔

آئی سی بی سی کے چیئرمین سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے بینک کی مسلسل مالی معاونت، ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ اور قرضوں کی ری فنانسنگ پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی سی بی سی کی مضبوط موجودگی دونوں ملکوں کے گہرے معاشی تعلقات کی عکاس ہے۔ ملاقات میں سرمایہ کاری، تجارتی فنانسنگ اور مالیاتی تنوع کے نئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کا اصلاحاتی پروگرام معیشت میں پائیدار استحکام، مضبوطی اور ترقی لانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری نہ صرف فوری ضروریات کے لیے اہم ہے بلکہ طویل مدتی حکمت عملی کا حصہ بھی ہے، جس میں مالی جدت، تنوع اور علاقائی انضمام شامل ہیں۔دونوں جانب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاک-چین مالی و اقتصادی تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جس میں بینکنگ، سرمایہ کاری اور کیپیٹل مارکیٹس کے شعبوں میں مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے، مضبوط مالی ڈھانچے قائم کرنے اور اصلاحات کے ذریعے اس تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ مستقبل کی طرف دیکھنے والی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا اور مالی تعاون دونوں ملکوں کے وسیع تر معاشی تعلقات کی بنیاد کے طور پر کام کرے گا۔ اُنہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ آج کی ملاقاتیں دوطرفہ تعاون کے روڈمیپ کو مزید واضح کریں گی اور خطے میں استحکام، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیں گی۔