ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا کے مرکزی دفتر پشاور میں رحمت للعالمینؐ کے 1500 ویں یوم ولادت کے موقع پر بابرکت تقریب کا انعقاد

پیر 1 ستمبر 2025 19:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا کے ہیڈ آفس پشاور میں رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰؐ کے 1500 ویں یوم ولادت کے موقع پر ایک بابرکت اور پرنور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ورکر ز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس روحانی پروگرام میں قرآن مجید کی تلاوت، نعتِ رسول مقبولؐ ، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں بورڈ کے افسران، ملازمین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے حضور نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ، ان کے لائے ہوئے پیغامِ رحمت، ہدایت اور انسانیت کے لیے رہنمائی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ سرورِ کائنات حضرت محمدؐ کی حیاتِ طیبہ ہمارے لیے کامل نمونہ ہے اور آج کے اس پرآشوب دور میں آپؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہی ہماری نجات کا ذریعہ ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی ذاتی، سماجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں نبی کریمؐ کے اسوہ حسنہ کو اپنانا چاہیے تاکہ معاشرے میں امن، بھائی چارہ، عدل اور انصاف قائم ہو سکے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :