کوہاٹ ،ڈھوڈہ اور خرماتو کے درجنوں افراد کاڈھوڈہ چوک کے مقام پرمجوزہ انڈرپاس کی بجائے فلائی اوور کی تعمیر کیلئے احتجاجی مظاہرہ

پیر 1 ستمبر 2025 20:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)کوہاٹ کے مضافاتی علاقے ڈھوڈہ اور خرماتو کے درجنوں افراد نے ڈھوڈہ چوک کے مقام پرمجوزہ انڈرپاس کی بجائے فلائی اوور کی تعمیر کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے مصروف ترین قومی شاہراہ انڈس ہائی وے پر چار گھنٹوں تک ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوکررہ گئی۔ٹریفک معطلی کی وجہ سے جہاں مسافرو مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں وہاں مسافروں کواپنی منزل مقصود پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز صبح نو بجے مضافاتی علاقے ڈھوڈہ اور خرماتو سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد نے انڈس ہائی وے پر ڈھوڈہ چوک کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا اورقومی شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کئے رکھا۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ڈھوڈہ چوک مصروف ترین مقام ہے جہاں آئے روز حادثات ہوتے ہیں اس لئے ڈھوڈہ چوک پرمجوزہ برساتی نالہ کے لئے بنائے گئے انڈرپاس کی جگہ الگ فلائی اوور تعمیر کیا جائے۔

مظاہرین نے اپنے مطالبہ کے حق میں قومی شاہراہ انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسودنے وزیرقانون آفتاب عالم‘ ایم پی اے داؤدآفریدی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای)حکام کے ہمراہ انڈس ہائی وے پرڈھوڈہ چوک اور مجوزہ خرماتو انٹرچینج کا دورہ کیا اور مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کئے جس کے بعد حکومتی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج پرامن طورپرختم کرتے ہوئے قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی۔