وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مشیر صحت احتشام علی کا ضلع خیبر میں افغان ہولڈنگ کیمپ کا دورہ

پیر 1 ستمبر 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر مشیر صحت احتشام علی نے ضلع خیبر کے افغان ہولڈنگ کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل افراسیاب ذوہیب، ڈی ایچ او خیبر ڈاکٹر فیصل کمال، اور ایم ایس لنڈی کوتل ہسپتال ڈاکٹر احتشام بھی موجود تھے۔

مشیر صحت نے کیمپ میں قیام پذیر افغان مہاجرین سے ملاقات کی اور ٹرانزٹ کیمپ میں قائم میڈیکل سہولیات کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ روزانہ تقریباً 3,000 افغان مہاجرین کی انٹری ہوتی ہے، جن کا ابتدائی طبی معائنہ اسی کیمپ میں کیا جاتا ہے۔مشیر صحت نے میڈیکل کیمپ کے لیے اضافی ادویات، طبی عملہ اور دیگر ضروری سہولیات کی فوری فراہمی کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

کیمپ کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مشیر صحت نے کہا میں وزیراعلیٰ کی نمائندگی کرتے ہوئے یہاں آیا ہوں۔ افغان بھائیوں کی واپسی قانون کے مطابق باعزت طریقے سے ہوگی۔ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے پیغام دیا ہے کہ افغان بھائیوں کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔آج بھی محکمہ صحت نے اس میڈیکل کیمپ کیلئے ادویات روانہ کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی عزت و آبرو ایک ہے۔ پختون روایات کی پامالی نہیں ہونے دیں گے۔ یہ وقت ہمارے پختون بھائیوں کے لیے مشکل ہے، ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔مشیر صحت نے یقین دہانی کرائی کہ بچوں کے لیے غذائیت سے بھرپور ادویات فراہم کی جائیں گی، اور طبی عملے کی ہر ضرورت فوری طور پر پوری کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :