علماء کرام اپنے خطبات میں سیرت النبی ﷺ کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں اور ، ڈپٹی کمشنر کچھی

پیر 1 ستمبر 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعداد خان مندوخیل کی صدارت میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کچھی، کمانڈنگ آفیسر 152 ونگ سبی سکاوٹس، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس نصیرآباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کچھی، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹی بھاگ، ڈھاڈر، مچھ اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جمعداد خان مندوخیل نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ تمام تقریبات پْرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد ہو سکیں۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات میں سیرت النبی ﷺ کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں اور حضور اقدس ﷺ کی تعلیمات کو عوام تک پہنچائیں تاکہ دین اسلام کو تقویت ملے اور معاشرے میں اخوت، بھائی چارہ اور امن کا پیغام عام ہو۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر ضلع بھر میں مختلف علاقوں سے نکالی جانے والی ریلیوں، جلسوں اور محافل میلاد کے لیے بھرپور انتظامات کیے جائیں گے، جن میں سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، طبی امداد اور دیگر تمام سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے تحت فرائض انجام دیں تاکہ ضلع کچھی میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات نہایت عقیدت و احترام، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ منعقد ہو سکیں۔