گرین بس سروس کا روٹ بلیلی سے بلوچستان یونیورسٹی سے آگے کسٹمز چیک پوسٹ سریاب تک بڑھانے کے معاملے پرنوٹس جاری

پیر 1 ستمبر 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) عدالت عالیہ بلوچستان نے گرین بس سروس کا روٹ بلیلی سے بلوچستان یونیورسٹی سے آگے کسٹمز چیک پوسٹ سریاب تک بڑھانے کے معاملے پر صوبائی و ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو نوٹس جاری کردیا۔ چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈوکیٹ سید نذیر اغا کا گرین بس سروس کی سہولت کو سریاب کسٹم تک بڑھانے سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ماہر ایڈوکیٹ نے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ وقت میں گرین بس سروس کا روٹ صرف بلیلی کسٹم چیک پوسٹ کوئٹہ سے بلوچستان یونیورسٹی تک ہے، جب کہ یونیورسٹی سے آگے کسٹم چیک پوسٹ سریاب تک بڑی تعداد میں غریب اور مستحق عوام رہائش پذیر ہیں جو اس سہولت سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عوام کا یہ بنیادی حق ہے کہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ اور گرین بسوں کی سہولت فراہم کی جائے۔

عدالت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو 4 ستمبر 2025 کو طلب کرلیا ہے تاکہ یہ وضاحت کی جاسکے کہ گرین بس سروس کا روٹ سریاب کسٹم چیک پوسٹ تک کیوں نہیں بڑھایا گیا۔کیس کی مزید سماعت 4 ستمبر 2025 کو ہوگی۔