مظفر آباد : یوتھ کنسورشیم کے شرکاء کی طرف سے سیدعلی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت

پیر 1 ستمبر 2025 22:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) بابائے حریت سیدعلی گیلانی کو انکے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے انسٹیٹیوٹ آف ڈائیلاگ، ڈویلپمنٹ اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز کے زیر اہتمام ایک یوتھ کنسورشیم منعقد کیاگیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج ہٹیاں کے تعاون سے منعقدہ یوتھ کنسورشیم کے شرکاء نے سید علی گیلانی کی زندگی کے مختلف پہلوئوں ، جدوجہدآزادی ، مزاحمت اور صبر و استقامت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہاکہ سیدعلی گیلانی ایک عہدساز رہنماتھے، جنہوں نے طویل عرصہ تک پابندیوں اور قید و بند کا سامنا کیا اور گھر میں نظربندی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ بھارتی قابض افواج نے علاقے میں لاک ڈائون نافذ کر کے انہیں سپرد خاک کیا اور کشمیری عوام کواپنے محبوب قائد کا آخری دیدار کرنے کی بھی اجازت نہیں دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔

وہ ایک ایسے دوراندیش اور صاحبِ فکر رہنما تھے جنہوں نے کسی دبائو یا لالچ میں آگے بغیربھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کی قیادت کی اور بھارت کے ظلم و جبر کے سامنے ہار نہیں مانی اور اپنے اصولوں پر قائم رہے ۔سیدعلی گیلانی نے کشمیر کی مزاحمتی تحریک کے فکری خدوخال کو نمایاں کرنے اور آئندہ نسلوں کی رہنمائی کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔

مقررین نے کہاکہ سیدعلی گیلانی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کاپائیدار حل چاہتے تھے ۔ سیدعلی گیلانی ایک آہنی دیوار تھے اور ان کی تمام پیش گوئیاں حرف بہ حرف درست ثابت ہوئیں۔ بھارت کے یکطرفہ اقدامات ،اقوامِ متحدہ کی قراردادوں سے انحراف، عالمی قوانین کی پامالی، دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی، دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی اور کشمیر کی حیثیت میں یکطرفہ تبدیلی سے متعلق سیدعلی گیلانی کے تمام خدشات سچ ثابت ہوئے۔

یوتھ کنسورشیم کے مقررین میں انسٹیٹیوٹ آف ڈائیلاگ، ڈویلپمنٹ اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ولید رسول،سابق ڈپٹی سیکرٹری آزاد کشمیر پروفیسر نصار، ڈاکٹر واجد اوردیگر شامل تھے ۔اس موقع پر نوجوانوں اور اساتذہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔