فیسکونے 50ویں آل واپڈا انٹر یونٹ کراٹے ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی

منگل 2 ستمبر 2025 13:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) نے 50ویں آل واپڈا انٹر یونٹ کراٹے ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ آل واپڈا نٹریونٹ مقابلہ جات واپڈاسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئے جس میں فیسکو(فیصل آباد)، لیسکو(لاہور) گیپکو (گوجرانوالہ)، کیسکو (کوئٹہ)اورنیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

آخری دن کھیلے گئے مختلف ایونٹس کے فائنل مقابلوں میں فیسکو مجموعی طور پر134پوائنٹس لے کر دوسرے جبکہ لیسکو 142 پوائنٹس لے کر پہلے نمبر پر رہی۔ اسی طرح گیپکو نے 92پوائنٹس کے ساتھ تیسری، این جی سی نے 77پوائنٹس کے ساتھ چوتھی جبکہ کیسکو نے 71پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ فیسکو کے محمد شہبازنے انفرادی کاتے میں جبکہ محمد شہباز،حارث ندیم بٹ، شہبازاحمد اور قمر کریم نے ٹیم کاتے میں گولڈ میڈل جیتے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر، صدرفیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن فرخ آفتاب، جنرل سیکرٹری فیسکو سپورٹس ایسوی یشن رانا افضل اور سپورٹس آفیسر فیسکو محمد ساجد نے فیسکوکراٹے ٹیم کو واپڈا انٹر یو نٹ کراٹے ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باددی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ فیسکوکراٹے ٹیم مزید لگن اور جیت کے جذبے ساتھ مستقبل میں زیادہ محنت کرے گی اوراگلے انٹریونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرے گی۔

اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو محمد رمضان بٹ، جنرل مینجر واپڈا سپورٹس بورڈ امداد اللہ، چئیرمین پاکستان کراٹے فیڈریشن محمد جہانگیر اور سیکرٹری جنرل پاکستان کراٹے فیڈریشن بابراقبال نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع فیسکوسپورٹس آفیسرمحمد ساجد نے کوچ کراٹے ٹیم یاسر بٹ اور کپتان ماجد بٹ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ آئندہ مزید پریکٹس اور محنت سے ٹورنامنٹ اپنے نام کریں گے اور فیسکو کا نام مزید روشن کریں گے۔