سہ ملکی سیریز فائنل، پاکستان کا افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

دونوں ٹیمیں 3، 3 میچز جیت کر فائنل تک پہنچی ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 7 ستمبر 2025 19:19

سہ ملکی سیریز فائنل، پاکستان کا افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا ..
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 ستمبر 2025ء) متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہو گا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں جبکہ افغان ٹیم آل راؤنڈر راشد خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

دونوں ٹیموں نے لیگ مرحلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 3، 3 میچوں میں کامیابیاں حاصل کیں اور فائنل تک رسائی حاصل کی۔ کرکٹ شائقین کے لیے یہ میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں اور جیت کے لیے پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان اور سری لنکا کے ساتھ 3 ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔

پاکستان پہلی بار ٹی ٹونٹی ٹرائی سیریز کی میزبانی کرے گا، پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کھیلی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پہلا میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ سہ ملکی سیریز کا فائنل 29 نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ افغانستان کا پاکستان میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ سہ ملکی سیریز میں ہر ٹیم 4، 4 میچ کھیلے گی۔ 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان کا میچ بھی راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ 29 نومبر کو فائنل سمیت سیریز کے باقی تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ یہ خبر پاکستان کے حالیہ اعلان کے بعد سامنے آئی ہے کہ وہ اکتوبر-نومبر میں تینوں فارمیٹس میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا۔