محمد نواز کی ہیٹ ٹرک، افغانستان کو 75رنز سے شکست، سہ فریقی سیریز پاکستان نے جیت لی

شارجہ میں سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 141 رنز سکورکیے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 ستمبر 2025 23:27

محمد نواز کی ہیٹ ٹرک، افغانستان کو 75رنز سے شکست، سہ فریقی سیریز پاکستان ..
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 ستمبر 2025ء) سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 75رنز سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق سہ ملکی ٹی 20 سیریزکا فائنل شارجہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی اوپننگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور صاحبزادہ فرحان صفر کے سکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے، 49 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 17 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہیں راشد خان نے ہدف بنایا اور 27 کے انفرادی جبکہ 51 کے مجموعی سکور پر پویلین بھیجا۔

اس کے بعد حسن نواز اور کپتان سلمان آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 69 تک پہنچایا تو راشد خان نے حسن نواز کو 15 کے انفرادی سکور پر چلتا کردیا پھر 72 کے مجموعی سکور پر نور احمد نے وکٹ کیپر محمد حارث کو کلین بولڈ کر کے پویلین واپس بھیجا یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 72 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی تاہم پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 141 رنز بنانے میں کامیاب رہی، پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 27، محمد نواز نے 25 اور سلمان آغا نے 24 رنز بنائے، افغانستان کے راشد خان نے 3، نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

142 رنز کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا اور پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز کو صرف 5 رنز بنانے کے بعد کو آؤٹ کردیا، بعد ازاں محمد نواز نے حریف بیٹرز کو وکٹ پر رکنے نہ دیا اور شاندار ہیٹ ٹرک بنائی، افغانستان کی آٹھویں اوور میں آدھی ٹیم 32 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی، ٹاپ آرڈر میں صرف صدیق اللہ اٹل 13 رنز بنا کر ڈبل فگر میں داخل ہونے والے واحد بیٹر تھے، 11ویں اوور تک 46 رنز پر مزید دو بیٹرز پویلین لوٹ گئے جس کے بعد افغانستان کی میچ میں واپسی ناممکن ہوگئی اور پوری ٹیم 16 اوور میں 66 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 2,2 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔