سہ ملکی سیریز فائنل، پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے ہدف دیدیا

دونوں ٹیمیں 3، 3 میچز جیت کر فائنل تک پہنچی ہیں

اتوار 7 ستمبر 2025 21:22

سہ ملکی سیریز فائنل، پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے ہدف دیدیا
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 ستمبر 2025ء) سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سہ ملکی ٹی 20 سیریزکا فائنل شارجہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی اوپننگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور صاحبزادہ فرحان صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔

عد ازاں 49 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 17 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہیں راشد خان نے ہدف بنایا اور 27 کے انفرادی جبکہ 51 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیجا۔ اس کے بعد حسن نواز اور کپتان سلمان آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 69 تک پہنچایا تو راشد خان نے حسن نواز کو 15 کے انفرادی اسکور پر چلتا کردیا۔

(جاری ہے)

پھر 72 کے مجموعی اسکور پر نور احمد نے وکٹ کیپر محمد حارث کو کلین بولڈ کر کے پویلین واپس بھیجا۔ یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 72 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 141 رنز اسکورکیے۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 27، محمد نواز نے 25 اور سلمان آغا نے 24 رنز بنائے۔ افغانستان کے راشد خان نے 3، نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جس کے تحت سلمان مرزا کی جگہ سفیان مقیم کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں جبکہ افغان ٹیم آل راؤنڈر راشد خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں نے لیگ مرحلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 3، 3 میچوں میں کامیابیاں حاصل کیں اور فائنل تک رسائی حاصل کی۔ کرکٹ شائقین کے لیے یہ میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں اور جیت کے لیے پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان اور سری لنکا کے ساتھ 3 ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ پاکستان پہلی بار ٹی ٹونٹی ٹرائی سیریز کی میزبانی کرے گا، پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کھیلی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پہلا میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ سہ ملکی سیریز کا فائنل 29 نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ افغانستان کا پاکستان میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ سہ ملکی سیریز میں ہر ٹیم 4، 4 میچ کھیلے گی۔ 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان کا میچ بھی راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ 29 نومبر کو فائنل سمیت سیریز کے باقی تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔