قدرتی غذاؤں کو زندگی کا حصہ بناکر آنے والی نسلوں کو صحت مند معاشرہ فراہم کرسکتے ہیں،ڈاکٹر نیلم طارق کینھ ملک

منگل 2 ستمبر 2025 14:07

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ سردار بیگم میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر نیلم طارق کینھ ملک نے کہا ہے کہ قدرتی غذاؤں کو اپنی زندگی کا حصہ بناکر آنے والی نسلوں کو صحت مند معاشرہ فراہم کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے ناریل کے عالمی دن پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران کہا کہ ناریل قدرت کی ایک ایسی بیش قیمت نعمت ہے جو انسان کی صحت اور غذائی ضروریات کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں کو ناریل کی افادیت سے آگاہ کرنا اور اس کی زرعی و معاشی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں ناریل کی کاشت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف عوام کو سستی اور قدرتی خوراک میسر آ سکے بلکہ کسانوں کے لئے بھی ایک نفع بخش متبادل فصل سامنے آ سکے۔ ملک میں جدید زرعی تحقیق اور پالیسی کے تحت اس کی کاشت بڑھائی جائے تو یہ معیشت کے لئے بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ناریل کا عالمی دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم قدرتی غذاؤں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور آئندہ نسلوں کو صحت مند معاشرہ فراہم کریں۔