حکومت پنجاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، بریگیڈیئر بابر علائوالدین

منگل 2 ستمبر 2025 15:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب انسپکشن، سر ویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر(ر) بابر علاوالدین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنا اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ریلیف کیمپوں میں خوراک، صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیلڈ میں موجود ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دن رات کی محنت ہی عوام کو ریلیف پہنچانے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی کے عمل کو تیز کیا جائے، متاثرہ سڑکوں اور رابطہ پلوں کی فوری مرمت کی جائے اور دیہات تک رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ امداد براہِ راست متاثرین تک پہنچ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بحالی کے اگلے مرحلے میں متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور لوگوں کے روزگار کے مواقع بحال کرنے پر توجہ دی جائے گی تاکہ عوام کی زندگی معمول پر آ سکے۔