سامعہ حجاب کیس؛ گرفتار ملزم کا عدالت میں اعترافِ جرم‘ 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پولیس نے ملزم حسن زاہد کو جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری کے سامنے پیش کرکے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 ستمبر 2025 15:21

سامعہ حجاب کیس؛ گرفتار ملزم کا عدالت میں اعترافِ جرم‘ 5 روزہ ریمانڈ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2025ء ) ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کیس میں ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد عدالت نے 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغواء اور ہراساں کرنے کے مقدمے میں ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، اسلام آباد پولیس نے ملزم حسن زاہد کو جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری کے سامنے پیش کیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران جج نے ملزم سے واقعے کے بارے میں سوال کیا، جس کے جواب میں حسن زاہد نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھ سے غلطی ہوئی ہے‘، اس پر تفتیش کاروں نے عدالت سے ملزم کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ’ملزم سے گاڑی، ایک پستول اور نقدی برآمد ہونا باقی ہے‘، تاہم عدالت نے ملزم کا 5 دن کا ریمانڈ دے دیا اور پولیس کو مقررہ مدت کی مہلت دیتے ہوئے اسی ریماند کے دوران تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سامعہ حجاب نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا، جس پر اس واقعے نے لوگوں کی توجہ اس وقت حاصل کی اور ٹک ٹاکر کے اغواء کی مبینہ کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسن زاہد کو گرفتار کرلیا۔ سامعہ حجاب نے شالیمار تھانے میں شکایت درج کروائی جس میں کہا گیا کہ ملزم حسن زاہد کئی دنوں سے اس کا پیچھا کر رہا تھا اور مسلسل اس کی طرف ناپسندیدہ پیش قدمی اور تحائف کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا، 31 اگست کی شام تقریباً 6:30 بجے ملزم نے مبینہ طور پر اسے اپنی رہائش گاہ کے باہر اغواء کرنے کی کوشش کی، مشتبہ شخص نے دھمکی بھی دی کہ وہ متاثرہ ٹک ٹاکر کو قتل کر دے گا۔