مودی حکومت کی سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں تیز، راہل گاندھی کے خلاف 29اگست کو ضلع داربھنگامیں مبینہ طور پر توہین آمیز نعروں کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا

منگل 2 ستمبر 2025 15:48

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) بھارتی ریاست بہار میں پولیس نے کانگریس کے رہنما اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے خلاف 29اگست کو ضلع داربھنگامیں مبینہ طور پر توہین آمیز نعروں کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ اس اقدام سے مودی حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں کی عکاسی ہوتی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی کے خلاف مقدمے کے اندراج سے واضح ہوتا ہے کہ مودی کی ہندوتوا حکومت سیاسی انتقام کو ایک باقاعدہ پالیسی کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ جمہوری معاشروں میں انتخابی ریلیوں اور احتجاجی نعروں کو اظہارِ رائے کی آزادی شمار کیا جاتا ہے لیکن مودی کے بھارت میں انہیں ایک مجرمانہ کارروائی بنا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مودی حکومت نے پہلے بھی ہتک عزت کے ایک متنازعہ مقدمے کے ذریعے راہل گاندھی کوپارلیمنٹ کی رکنیت کیلئے نااہل قراردلوایاتھا جبکہ ان کے خلاف مختلف ریاستوں میں درجنوں مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں۔

مودی حکومت بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی اداروں ای ڈی اور سی بی آئی کے علاوہ پولیس کو سیاسی مخالفین کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ مودی حکومت اس اقدام کے ذریعے نہ صرف راہل گاندھی کے بڑھتے اثر کو روکنا چاہتی ہے بلکہ اپوزیشن کو خوفزدہ کرنا چاہتی ہے ۔راہل گاندھی کے خلاف مقدمے کے اندراج سے ظاہر ہوتاہے مودی حکومت کوجمہوریت پر بالکل بھی یقین نہیں ہے اور وہ آمرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط رکھنا چاہتے ہیں۔