Live Updates

محکمہ صحت کی ٹیمیں سیلاب متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر

منگل 2 ستمبر 2025 15:47

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا ہے کہ کوٹ مومن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور میڈیکل سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں 11 فکسڈ میڈیکل کیمپس، 2 فیلڈ ہسپتال اور 28 موبائل کلینکس فعال ہیں۔ ان خیلات کااظہار انہوں نے منگل کو ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 5 ہزار 612 مریضوں کا علاج مکمل ہو چکا ہے، اسی طرح میڈیکل کیمپس میں 2231، فیلڈ ہسپتالوں میں 1095 اور موبائل کلینکس میں 2286 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سی ای او ہیلتھ نے کہا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں دن رات سرگرم عمل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ڈینگی بخار سے بچاؤ کیلئے آگاہی کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں، آگاہی کیمپس میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے، متاثرہ عوام کے لیے مچھر دانیاں وافر تعداد میں دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح پینے کے پانی کو صاف رکھنے کیلئے ٹیبلٹس بھی فراہم کر دی گئیں ، متاثرہ علاقوں میں مچھروں کی افزائش روکنے کیلئے فوگنگ اسپرے بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کے علاج کیلئے الٹراساؤنڈ گاڑیاں 24 گھنٹے دستیاب ہیں، آگاہی کیمپس میں خواتین اور بچوں کیلئے غذائی قلت سے بچاؤ کی ادویات فراہم کر دی گئی ہیں اور آگاہی کیمپس میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں گھر گھر پانی صاف کرنے کی گولیاں فراہم کی جا رہی ہیں، ڈینگی کے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں، کیمپس میں عام بیماریوں کے علاج کیلئے ادویات بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے خصوصی علاج کیلئے موبائل کلینکس اور متاثرہ خواتین کیلئے نسوانی علاج کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، اس کے علاوہ ٹی بی کے مریضوں کو ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، محکمہ صحت کی ٹیمیں سیلاب متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات