Live Updates

جیکب آباد میں سبزیوں اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام پریشان، مقامی انتظامیہ تماشائی

منگل 2 ستمبر 2025 15:59

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) جیکب آباد میں سبزیوں اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام پریشان، مقامی انتظامیہ تماشائی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، بازار میں ٹماٹر 400 روپے فی کلو، آلو 160 روپے فی کلو، پرانا آلو 100 روپے، پیاز 80 سے 100 روپے فی کلو، بھنڈی 160 روپے، کریلا 260 روپے اور توری 140 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے، سبز مرچ نے تو مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور 600 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جبکہ دھنیا کی گڈی 250 روپے میں فروخت ہورہی ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے چینی 200 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے جبکہ آٹے کے 38 کلو تھیلے کی قیمت 2600 روپے سے بڑھ کر 3700 روپے مقرر کردی گئی ہے، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مہنگائی کے اس طوفان نے ان کا بجٹ بری طرح متاثر کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں نے متوسط اور غریب طبقے کو دو وقت کی روٹی کے لالے ڈال دیے ہیں، ذرائع کے مطابق پنجاب میں سیلاب کے باعث وہاں سبزیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ پنجاب میں سبزیوں کی قلت کی وجہ سے کراچی میں بھی سبزیوں کی قلت کے باعث بیوپاری بڑی مقدار میں سبزیاں پنجاب اور کراچی بھیج رہے ہیں، جس کے باعث جیکب آباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں، ادھر سبزیوں اور دیگر اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقہ سکون کا سانس لے سکے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات