ڈپٹی کمشنر ہرنائی کا بنیادی مرکز صحت کا دورہ ،ادویات اور طبی سہولیات کا جائزہ

منگل 2 ستمبر 2025 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد عارف کاکڑ نے بنیادی مرکز صحت گوچینہ کا دورہ کیا اور ادویات اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا شہری اور دیہی علاقوں میں علاج نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ دیہی علاقوں کے لوگ اپنے علاج و معالجے کیلیے انہی ڈسپنسری، بی ایچ یو یا آر ایچ سی کا رخ کرتے ہیں اور اپنے بچوں اور بوڑھوں سمیت گھر کے تمام افراد کی بوقت ضرورت طبی معائنہ کرواتے ہیں اور یہاں پر موجود طبی سہولیات سے استفادہ کرتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عارف خان کاکڑ نے کہا کہ دوردراز علاقوں میں رہنے والے لوگ عموما تنگ دست ہوتے ہیں۔ ان کے پاس اپنے مریضوں اور بیماروں کے علاج کیلیے وسائل بہت قلیل یا بالکل بھی نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

ایسے لوگوں کی مدد کرنا حکومت اپنا فرض سمجھتی ہے۔ اس حوالے ضلعی انتظامیہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لاکر انہی یونٹس کو فعال رکھ رہی ہے اور ان کی کارکردگی جانچنے کیلیے تمام ہیلتھ یونٹس کے دورے کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ طبی عملہ بھی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنی حاضری یقینی بنائے اور لوگوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے موجود تمام وسائل دیانتداری سے بروئے کار لائے تاکہ علاج سے محروم ہمارے بہن بھائیوں کی مدد کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :