Live Updates

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا کشتی کے ذریعے ماموں کانجن کے مختلف دیہاتوں کا دورہ ،سیلاب متاثرین میں راشن اور کھانا تقسیم

منگل 2 ستمبر 2025 19:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے کشتی کے ذریعے مختلف علاقوں میں پہنچے۔ انہوں نے موضع جلی ترہانہ کی اضافی آبادی، بستی سدلوں، بستی بنڈہ 53/5 اور موضع ابو وہنی وال سمیت ماموں کانجن کے دیہاتوں کا دورہ کیا جہاں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور ان کی دلجوئی کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب متاثرین ہمارے بہن بھائی ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں میں کھانے اور راشن بیگز تقسیم کیے اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو دن میں تین وقت کا پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ راشن بیگز کی تقسیم بھی جاری ہے جو فی خاندان ایک ماہ کے لیے کافی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے سائلج، ونڈا اور چارے کے ساتھ ویکسینیشن کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں ویٹرنری ڈاکٹرز موجود ہیں جو جانوروں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں دن رات جاری رہیں گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات