ڈی سی کی ریلوے اسٹیشن پر سٹالز کی سرپرائز چیکنگ، قوانین کی خلاف ورزی پر 6سٹال مالکان کو 15ہزار روپے جرمانہ

منگل 2 ستمبر 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی خصوصی ہدایت پر ڈویژنل کمرشل آفیسر (ڈی سی او) ریلوے عدنان مروت نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر سٹالز کی اچانک چیکنگ کی۔ اس موقع پر کمرشل انسپکٹرز فیصل نذیر اور محمد اکبر بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیکنگ کے دوران اسٹالز پر فروخت ہونے والی اشیا کے معیار اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اوگرا سرٹیفائیڈ سلنڈرز اور ریٹ لسٹوں کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ غیر منظور شدہ اشیا کو قبضے میں لے لیا گیا۔ مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ بھی کیا گیا۔قوانین کی خلاف ورزی اور غیر معیاری اشیا کی فروخت پر 6سٹال مالکان کو مجموعی طور پر 15ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او ریلوے عدنان مروت نے کہا کہ غیر معیاری اشیا اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سٹالز پر صرف معیاری اور منظور شدہ اشیا اور کھانے کی فروخت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن اور مشن کے مطابق مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اور اسٹالز پر معیاری فوڈ کی دستیابی کو یقینی بنانا پاکستان ریلوے کی اولین ترجیح ہے۔