Live Updates

پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، 10 کلو کا تھیلا ایک ہزار روپے کا ہوگیا

مختلف اضلاع میں گندم کی قیمت 3100 روپے سے 3500 روپے فی من تک پہنچ گئی ‘ ذرائع

منگل 2 ستمبر 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)پنجاب بھر میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور 10 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 300 روپے اضافے کے بعد ایک ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔سیلابی صورتحال کے بعد پنجاب بھر میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 300 روپے اضافے کے بعد ایک ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔

رہنما فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت تقریباً2 ہزار روپے ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم کی دوسرے صوبوں تک نقل و حمل پر پابندی لگا دی ہے جس کی وجہ سے کرپشن کا بازار گرم ہوگیا ہے۔عاصم رضا نے دعویٰ کیا کہ کم از کم 50 ہزار روپے رشوت لے کر ٹرک کو پنجاب کی حدود سے باہر جانے دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں گندم درآمد کرنے کی آوازیں سننے کو ملیں گی۔

(جاری ہے)

رہنما فلور ملز ایسوسی ایشن نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاص گروہ کو نوازنے کے لیے یہ ساری کارروائی کی جا رہی ہے، گزشتہ گندم اسکینڈل میں ملوث جس کمپنی کو نوازا گیا اسے دوبارہ نوازنے کی تیاری ہو رہی ہے۔عاصم رضا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب فوری نوٹس لیں اور اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں۔دریں اثنا ء مارکیٹ ذرائع کے مطابق صوبہ کے مختلف اضلاع میں گندم کی قیمت 3100 روپے سے 3500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھکر اور لیہ سمیت بہاول نگر میں گندم کا ریٹ 3450 روپے فی من ہو گیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں قیمت 3300 سے 3400 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق وسطی پنجاب کے اضلاع میں 3300 روپے فی من تک گندم کا ریٹ پہنچ چکا ہے جبکہ سیلاب کے باعث گندم کے سرکاری گوداموں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات