اسرائیلی صدر جمعرات کو پوپ لیو سےویٹیکن میں ملاقات کریں گے

بدھ 3 ستمبر 2025 13:20

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) اسرائیلی صدر اسحاق ہرتصوغ عیسائیوں کے کیتھولک فرقے کے روحانی پیشوا پوپ لیو کی دعوت پر جمعرات کوویٹیکن میں ان سے ملاقات کریں گے ۔ العربیہ اردو کے مطابق اسرائیلی ایوانِ صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی صدر پوپ لیو کی دعوت پر جمعرات کو ان سے ملاقات کریں گے۔ویٹیکن نے غیر معمولی بیان میں کہا کہ رومن کیتھولک چرچ کا کام یہ ہے کہ وہ سربراہانِ مملکت و حکومت کی طرف سے پوپ کے ساتھ ملنے کی درخواستیں قبول کرے، لیکن ان کو دعوتیں دینا اس کا کام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ویٹیکن کی سرزنش کے بعد اسرائیلی صدر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ہرتصوغ نے اٹلی کے دورے پر آنجہانی پوپ فرانسس سے ملاقات کرنا تھی جب وہ بیمار ہو گئے اور بعد میں ان کا انتقال ہو گیا۔پوپ لیو کے عہدہ سنبھالنے کے بعد نئی ملاقات کا اہتمام ویٹیکن کے ساتھ سفارتی ذرائع سے مکمل ہم آہنگی میں کیا گیا تھا۔اسرائیلی صدر کے دفتر نے بیان میں کہاکہ وہ غزہ میں قیدیوں کی واپسی، عالمی یہود دشمنی کے خلاف جنگ اور مشرق وسطی میں مسیحی برادری کے تحفظ کے لئے کوششوں پر بات کریں گے۔لیوجمعرات کو اسرائیلی صدر اور جمعے کو پولینڈ کے صدر کیرول نوروکی سے ملاقات کریں گے ۔