سرگودھا محکمہ اوقاف سرگودھا زون کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے زونل سیرت کا نفرنس کا انعقاد

بدھ 3 ستمبر 2025 14:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) سرگودھا محکمہ اوقاف سرگودھا زون کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے زونل سیرت کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا،سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں علماء کرام و مشائخ عظام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کے شرکاء کو سیرت طیبہ کے حوالہ سے امت مسلمہ کی ذمہ داریوں اور سوشل میڈیا کے مفید استعمال بارے انفرادی و اجتماعی اور ریاستی اقدمات بارے راہنمائی فراہم کی گئی، سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زونل ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف سرگودھا غلام مصطفی نے کہا ہے کہ بدلتے وقت کے ساتھ معاشرہ میں آنے والی تبدیلیوں بالخصوص سوشل میڈیا کے معاشرہ پر مرتب ہونے والے اثرات کے پیش نظر سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی ضرورت اور زیادہ بڑھ گئی ہے اور اس حوالہ سے ریاست کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری متحدہ علماء کونسل قاری احمد علی ندیم نے کہا کہ بلاشبہ سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ہمیں بحیثیت مسلمان سچ بولنے اور امانت داری کا درس دیا گیا،اسی طرح سیرت النبی ﷺ میں اخلاقی اصولوں کی بڑی اہمیت ہے، وقت ضائع کرنے سے منع کیا گیا ہے، اس تناظر میں ہمیں اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا، جہاں تک ریاستی ذمہ داریوں کا تعلق ہے تو سوشل میڈیا ہر شعبہ زندگی میں براہ راست اثرانداز ہوتا ہے اس لئے ہمیں تعلیمی اداروں میں بالخصوص عوامی سطح پر سوشل میڈیا کے مفید استعمال کے حوالہ سے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبریں معاشرتی بگاڑ کا باعث بن سکتی ہیں، سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے دوسروں کی عزت نفس مجروح ہونے سے بہت سی خرابیاں پید اہوسکتی ہیں اور اس حوالہ سے ہمیں اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا اور حکومتی سطح پر بھی سوشل میڈیا کے مفید استعمال کے حوالہ سے جاری اقدامات کو مربوط بنا ضروری ہے تاکہ حقیقی تبدیلی آسکے۔

(جاری ہے)

بعدازاں تقریب کے شرکاء میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔