کوئٹہ میں سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا افسوسناک عمل ہے،نواب ثناء اللہ زہری

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:19

کوئٹہ میں سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا افسوسناک عمل ہے،نواب ثناء اللہ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا نہایت افسوسناک اور خطرناک عمل ہے، جو بلوچستان میں جمہوری عمل کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے نواب ثنائ اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ملک میں 18ویں ترمیم جیسی تاریخی قانون سازی سیاسی کارکنوں ہی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، اور اگر انہیں ہی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جانے لگا تو بلوچستان میں سیاست کا نام لیوا کوئی نہیں بچے گا انہوں نے کہا کہ ہم روزِ اول سے سیاسی کارکنوں پر حملوں کے خلاف آواز اٹھاتے آ رہے ہیں، کیونکہ یہی کارکن پارلیمان کی بنیاد ہیں بلوچستان میں ایسے واقعات نہ صرف امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ جمہوری عمل کے تسلسل کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، شہداء زہری سمیت سینکڑوں کارکنوں کی قربانیاں دی ہیں کیونکہ انھیں نشانہ بنانے کا مقصد بھی جمہوری عمل کو روکنا تھا لیکن دہشت گروں کا یہ خواب پورا نہیں ہوسکا انھوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی کارکنوں کے بچھڑنے کا درد بخوبی محسوس ہوتا ہے کیونکہ ہم نے سینکڑوں کی تعداد میں سیاسی کارکنوں کو شہید ہوتے دیکھا اور سیاسی کارکنوں نے ملک میں جمہوریت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر کراچی کے اسپتالوں میں منتقل کر کے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں نواب ثناء اللہ خان زہری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں شہید ہونے والے سیاسی کارکنوں کے لواحقین کو فوری معاوضہ دیا جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔