Live Updates

این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال اور بارشوں کے نئے اسپیل پر الرٹ جاری کردیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 20:45

این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال اور بارشوں کے نئے اسپیل پر الرٹ جاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال اور بارشوں کے نئے اسپیل پر الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے ،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور سول و عسکری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال اور آئندہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے نویں اسپیل کے دوران سندھ کے جنوبی اضلاع بشمول ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، کراچی، حیدرآباد اور جامشورو میں بارشوں کا امکان ہے ،سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، خیرپور، دادو اور جیکب آباد میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد پر 5 لاکھ 7 ہزار اور چنیوٹ میں 5 لاکھ 24 ہزار کیوسک بہاؤ موجود ہے، خانکی کے مقام پر 2 لاکھ 59 ہزار کیوسک کے ساتھ اونچے درجے کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ مرالہ اور تریموں کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا بہاؤ برقرار ہے۔بتایا کہ دریائے راوی میں شاہدرہ پر ایک لاکھ اور بلوکی پر ایک لاکھ 34 ہزار کیوسک بہاؤ موجود ہے جب کہ ہیڈ سدھنائی پر ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک کے ساتھ شدید اونچے درجے کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے ،سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر بھی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال جاری ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے ساتھ بھارتی ڈیموں سے پانی کے مسلسل اخراج نے مشرقی دریاؤں میں سیلابی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔این ڈی ایم اے نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انخلا کے دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔بتایاگیا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز، ہنگامی کٹ تیار رکھنے اور اہم دستاویزات محفوظ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات