Live Updates

اسٹیشن جاکرپتہ چلتا آپ نے کس گاڑی پرسوارہونا ہے‘بوگیوں کی کمی مسافروں کیلئے درد سربن گئی

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:07

اسٹیشن جاکرپتہ چلتا آپ نے کس گاڑی پرسوارہونا ہے‘بوگیوں کی کمی مسافروں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء)پاکستان ریلوے کے پاس بوگیوں کی کمی مسافروں کے لیے درد سر بن گئی، سیکڑوں مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پہنچ کر معلوم ہوتا ہے کہ جس ٹرین کی ٹکٹ لی اس کے بجائے دوسری ٹرین میں سفر کرنا پڑے گا۔مسافر حیران و پریشان ہو کر ٹکٹ چیکر سے الجھنے لگتے ہیں۔ درجنوں مسافر اسی چکر میں لیٹ ہو جاتے ہیں اور پھر چلتی گاڑی میں سوار ہونا پڑتا ہے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک دو ماہ سے پاکستان ریلوے سے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پہنچ کر معلوم ہوتا ہے کہ انہیں پاک بزنس ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کی جگہ دوسری ٹرینوں میں سفر کرنا پڑے گا۔پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آکر کراچی یا کوئٹہ جانے والی اکثر ٹرینوں کے مسافروں کو ایک دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کر کے چلانے پر ریلوے انتظامیہ مجبور ہو چکی ہے جبکہ رہی سہی کسر حالیہ سلاب نے پوری کر دی۔

(جاری ہے)

ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کے پاس صرف لاہور ڈویژن میں 100 سے زائد بوگیوں کی کمی ہے جس کی وجہ سے آئے روز مختلف ٹرینوں کے مسافروں کو ایک دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کر کے روانہ کیا جا رہا ہے۔پاک بزنس ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، شاہ حسین، کراچی ایکسپریس اور خیبر میل کی روانگی اور آمد میں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے مسافر رل گئے۔

مسافروں نے بتایا کہ پہلے تو اس بات نے پریشان کیے رکھا کہ پاک بزنس کی جگہ گرین لائن میں جانا ہے جبکہ ٹکٹ پاک بزنس کی تھی، اسی طرح قراقرم کے بجائے پاک بزنس میں سفر کروایا، دوسری ٹرین دو سے تین گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ کوئی مسافر اسٹیشن پر بیوی بچوں سمیت کتنی دیر انتظار کر سکتا ہے، خاص طور پر بچوں کے ساتھ جو ہر تھوڑی دیر بعد کھانے پینے کی اشیاء مانگ لیتے ہیں جن کی قیمتیں ویسے ہی اسٹیشن پر آسمان سے باتیں کر رہی ہوتی ہیں، فیملی ہالز اچھے ہیں مگر کئی کئی گھنٹے انتظار نہیں ہوتا۔

اس حوالے سے جب ریلوے انتظامیہ سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی صورتحال کے باعث کچھ ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ جن ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ان ٹرینوں کے مسافروں کو بروقت دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا گیا، کوشش کر رہے ہیں کہ ٹرینیں بروقت روانہ ہوں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات