سرکاری فنڈ سے ریسٹورنٹ میں مہنگے کھانے، کروشیا کی سابق وزیر جیل پہنچ گئی

الزامات ثابت ہونے کے بعد خاتون وزیر نے اعتراف جرم کر کے پوری رقم واپس کر دی

بدھ 3 ستمبر 2025 14:25

زغرب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) کروشیا کی سابق وزیر گبریئیلا زالچ کو سرکاری اور یورپی یونین کے فنڈز سے ریسٹورنٹس میں شاہانہ کھانے کھانے کے جرم میں سات ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔یورپی پبلک پراسیکیوٹرز آفس (ای پی پی او)کے مطابق گبریئیلا زالچ، جو 2019 میں یورپی یونین فنڈز کی وزیر کے عہدے سے برطرف کی گئی تھیں، نے کم از کم 9 مرتبہ ریسٹورنٹس میں سرکاری پیسوں سے 10 ہزار یورو (تقریبا 11 ہزار 700 ڈالر)خرچ کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی 40ویں سالگرہ کی تقریب کے اخراجات بھی سرکاری فنڈ سے ادا کیے۔ تاہم، الزامات ثابت ہونے کے بعد انہوں نے اعتراف جرم کر کے پوری رقم واپس کر دی۔گبریئیلا زالچ اس سے قبل بھی بدعنوانی کے الزامات میں سزا یافتہ ہیں۔ انہیں پہلی بار 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ رواں برس جون میں بھی انہوں نے بدعنوانی اور اثر و رسوخ کے غلط استعمال کے ایک اور کیس میں اعتراف جرم کیا تھا، جس پر انہیں دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور 2 لاکھ یورو بطور جزوی معاوضہ ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

متعلقہ عنوان :