ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سے انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے وفد کی ملاقات، مہم کے دوران درپیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا

بدھ 3 ستمبر 2025 15:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی سے انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے رکن و ٹرسٹی روٹری فاؤنڈیشن عزیز میمن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی،جس میں حیدرآباد ڈویژن میں جاری سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران درپیش مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں ڈسٹرکٹ گورنر شکیل قائمخانی، ڈسٹرکٹ گورنر شہزاد صابر، زونل کوآرڈینیٹر سندھ پردیپ ہرچندانی، نجم شیخ اور پولیو پلس منیجر عاشر علی شامل تھے۔

اس موقع پر ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے اصل محاذ کے سپاہی ہیں جو مقررہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لئےغیر روایتی اور آؤٹ آف باکس حکمت عملی اختیار کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سمیت تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر آگاہی مہم اور کمیونٹی رابطے کے ذریعے انسداد پولیو پروگرام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انکاری پولیو کیسز اور روٹین امیونائزیشن میں موجود خلا بڑے چیلنجز ہیں تاہم ان کے حل کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں۔ اس موقع پر عزیز میمن اور روٹری فاؤنڈیشن کے وفد نے کہا کہ روٹری فائونڈیشن ہمیشہ صحت عامہ کے معاملات میں سندھ حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے ضلعی انتظامیہ کے جذبے کو سراہا اور مزید مؤثر آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر فیاض نے پولیو کے خاتمے کے لئے نمایاں خدمات کے اعتراف میں انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے رکن عزیز میمن کو شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :