ایبٹ آباد میں انسدادپولیو مہم تیسرے روز بھی جاری

بدھ 3 ستمبر 2025 15:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی نگرانی میں انسدادپولیومہم تیسرے روز بھی جاری ہے۔ جس کے تحت محکمہ صحت کی ویکسی نیشن ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی ہیں۔اس ضمن میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد خان نے میرپور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،انہوں نے فیلڈ میں موجود ویکسی نیشن ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا،ویکسینیشن ریکارڈ کی پڑتال کی اور موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

اُنھوں نے بچوں کی انگلیوں پر فنگر مارکنگ کے طریقہ کار کا بغور معائنہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کسی بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کے بغیر نہ رہنے دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر گھر تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور والدین کو پولیو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔علاوہ ازیں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثناء فاطمہ نے بھی کینٹ ایریا میں مارننگ اسمبلی میں شرکت کی جہاں انہوں نے ویکسی نیشن ٹیموں سے ملاقات کی اور ان کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ٹیمز کو ضروری رہنمائی فراہم کی اور کہا کہ یہ مہم قومی اہمیت کی حامل ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ثناء فاطمہ نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں خود بھی ویکسی نیشن عمل کی نگرانی کی،ٹیمز کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا ،ریکارڈ کا معائنہ کیا اور فنگر مارکنگ کے طریقہ کار کو چیک کرتے ہوئے موقع پر موجود عملے کو بہتری کے لیے ہدایات دیں۔