ملک میں مائیکرو فنانس کو فروغ دینے کیلئے سمیڈا اور پی ایم این میں اشتراک عمل کا فیصلہ

بدھ 3 ستمبر 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک (پی ایم این) نے ملک میں مائیکرو انٹرپرائزز کی مدد کے لیے اشتراک عمل کا فیصلہ کیا ہے۔دونوں اداروں کی سینئر انتظا میہ نے بدھ کو یہاں سمیڈا کے صدر دفتر میں ایک ملاقات کے دوران مائیکرو انٹرپرائزز کیلئے مالیاتی خواندگی کو فروغ دینے اور فنانس تک ان کی رسائی کو بہتر بنانے کے لئے ڈیٹا شیئرنگ اور دیگر خدمات کے تبادلے کا جائزہ لیا تاکہ آنے والے دنوں میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے ذریعے مجوزہ اشتراک عمل کو باضابطہ شکل دی جا سکے۔

اس موقع پر سمیڈا کی مائیکرو انٹرپرائز پالیسی اینڈ پروگرام ڈیزائن ٹیم کی قیادت سی ای او سمیڈا سقراط امان رانا نے کی جبکہ پی ایم این کی طرف سے سی ای او سید محسن احمد اور ہیڈ آف آپریشنز علی بشارت نے اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

سی ای او سمیڈا سقراط امان رانا نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں مالیاتی شمولیت کو آگے بڑھانے میں پی ایم این کے کردار کوبہت اہمیت دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ غیر محفوظ مائیکرو انٹرپرائزز کو فعال بنانے کے مشن کو ہم ملکر بہتر طریقے سے پورا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریبا70 لاکھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے معاشی ادارے ہیں جن کا جی ڈی پی میں 40 فیصد حصہ ہے اور یہ 78 فیصد غیر زرعی روزگار اور25 فیصد برآمدات پیدا کر کے پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔سی ای او سمیڈا نے بتایا کہ پاکستان میں11 ملین سے زیادہ فعال مائیکرو انٹرپرائزز قرضہ لیتی ہیں جن کا اوسط قرضہ 55,000 روپے ہے۔

اس سے یہ امر واضح ہوتا ہے کہ ملک میں مائیکرو انٹرپرائز کی سرگرمیاں وسیع پیمانے پر موجود ہیں۔انہوں نے مائیکرو فنانس کے شعبے بالخصوص چھوٹے کسانوں ، زراعت اور لائیو سٹآک کو ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر پی ایم این کے سی ای او سید محسن احمد نے کہا کہ ملک میں مائیکرو فنانسنگ کو بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک عمل کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو انٹرپرائزز چھوٹے کاروباری اداروں سے پہلے ہیں اور انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے امید کی کہ پی ایم این، سمیڈا کے ساتھ ملکر مائیکرو انٹرپرائزز کی بہتر خدمت کر سکیں گے۔