انٹرن شپ پروگرام سٹوڈنٹس کو علم و ہنر سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، میاں کاشف اشفاق

بدھ 3 ستمبر 2025 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ انٹرن شپ پروگرام یونیورسٹی سٹوڈنٹس میں اعتماد پیدا کرنے اور انہیں جدید ترین علم و ہنر سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تاکہ وہ مارکیٹ کے بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق اپنے آپ کو تیار کر سکیں۔بدھ کو’’تجربہ، علم اور ترقی‘‘ کے عنوان سے چھ ہفتے کے تیسرے سمر انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبا کو نصابی تعلیم اور عملی زندگی کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو تعلیمی اداروں کے ساتھ ملکر نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ آج کا مسابقتی ماحول ایسے پیشہ ور افراد کا متقاضی ہے جو نہ صرف روایتی اور جدید تعلیم کے مالک ہوں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، اختراعات اور طریق کار سے بھی بخوبی واقف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کا شعبہ پاکستان کی برآمدی صنعتوں میں سے ایک ہے اور اس میں نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے نئے خیالات کے حامل اور متحرک نوجوانوں کی ضرورت ہے۔

جی ایم انٹیریرز چن ون ماریہ توقیر نے خطاب کرتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں اور پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبا کے جوش و جذبے کو سراہا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس انٹرن شپ کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ ان نوجوانوں کے پیشہ ورانہ کیریئر کے لیے ایک مضبوط بنیاد کا کام کرے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہم یونیورسٹیوں کے طلبا کے لیے مستقل بنیادوں پر انٹرن شپ کا انعقاد کرتے رہیں گے تاکہ وہ مارکیٹ کے عالمی رجحانات کے مطابق خود کو تیار کر سکیں۔