صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، سیکرٹری ترقی ونسواں سائرہ عطا

بدھ 3 ستمبر 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) صوبائی سیکرٹری محکمہ ترقی ونسواں سائرہ عطا نے کہا ہے کہ وزیراعلی میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارسرینا ہوٹل کوئٹہ میں صنفی بنیادوں پر تشدد (GBV) کیس مینجمنٹ انوائرنمنٹ اسٹرینتھننگ کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تربیتی ورکشاپ سے شرکا کے علم اور استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے جو خواتین اور بچیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، خواتین کے لیے انڈومنٹ فنڈ کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور متاثرین کو مؤثر معاونت فراہم کرنے کے لیے اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور مربوط رابطہ کاری ناگزیر ہے۔

اس تربیتی پروگرام کا انعقاد یونائیٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ (UNFPA) اور محکمہ ترقی نسواں حکومت بلوچستان کے اشتراک سے کیا گیا۔ ورکشاپ کی نگرانی پروگرام اینالسٹ یو این ایف پی اے شماعلہ نے کی جبکہ ٹرینر مدیحہ نے شرکاء کو تفصیلی رہنمائی فراہم کی ۔تربیتی ورکشاپ میں مختلف محکموں کے افسران، انسانی حقوق کمیشن کے نمائندگان اور غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) کے نمائندے شریک ہوئے۔

ان میں محکمہ ترقی نسواں، سماجی بہبود، پولیس، پاپولیشن اینڈ ہیلتھ، پی ڈی ایم اے، محکمہ اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شامل تھے۔ تربیتی سیشنز کے دوران شرکاء کو جی بی وی کیس مینجمنٹ انوائرنمنٹ اسٹرینتھننگ کی گائیڈ لائنز، کیس مینجمنٹ کے مراحل، سازگار ماحول کے قیام کے عملی طریقہ کار اور مختلف عملی سرگرمیوں کے ذریعے آگاہی فراہم کی گئی۔ مزید یہ کہ شرکاء کو اپنے اپنے اداروں کے لیے عملی ایکشن پلان مرتب کرنے کا موقع بھی دیا گیا تاکہ تربیت کے اثرات حقیقی سطح پر ظاہر ہو سکیں۔ تقریب کے دوران سیکرٹری ترقی نسواں نے شرکا میں اسناد تقسیم کیں جبکہ یو این ایف پی اے کی نمائندہ نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے اقدامات پر روشنی ڈالی