قصور، چار سالہ معصوم نور فاطمہ کو بے دردی سے قتل کرنیوالے درندہ صفت ملزم نے پولیس ریڈ کے دوران خودکشی کر لی،پولیس ترجمان قصور

جمعرات 4 ستمبر 2025 10:10

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) قصور کے نواح پھولنگر میں04 سالہ معصوم نور فاطمہ کو بدفعلی کے بعد بے دردی سے قتل کرنیوالے درندہ صفت ملزم نے پولیس ریڈ کے دوران خودکشی کر لی۔پولیس ترجمان قصورنے بتایا کہ تھانہ صدر پھولنگر پولیس کو گزشتہ شام 15 پر 04 سالہ نور فاطمہ کے دن 02 بجے سے لاپتہ ہونے کی کال موصول ہوئی۔ تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے اولکھ بونگا کے رہائشی بچی کے چچا کی مدعیت میں فوری اغوا کا مقدمہ درج کیا۔

بچی کی تلاش کیلئے اشتہاری شورو غوغا جاری کیا گیا، مساجد میں اعلانات کیساتھ علاقے میں سرچ آپریشن کیے۔ بچی کے گھر سے 200 میٹر کے فاصلے پر رات 11 بجے ایک زیر تعمیر گھر سے بچی کی ڈیڈ باڈی ملی۔ بچی کی ڈیڈ باڈی ملنے کی اطلاع پر ڈی پی او قصور موقعہ پر پہنچے اور ایس پی انویسٹی گیشن سمیت سرکل کے ایس ایچ اوز کو فوری طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

کرائم سین یونٹ اور پی ایف ایس اے ٹیموں کو شواہد اکٹھے کرنے کیلئے طلب کیا گیا۔

پوسٹمارٹم رپورٹ میں ڈاکٹر نے بچی کیساتھ بدفعلی کے بعد قتل کرنے کا تحریر کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ 04 سالہ معصوم بچی کیساتھ بدفعلی اور اندھے قتل کی واردات پولیس کیلئے بڑا چیلنج تھا۔ پولیس ٹیموں نے اولکھ بونگا سے 25 مشکوک افراد سے پوچھ گچھ اور انٹیروگیشن کی۔ پولیس ٹیموں نے ہیومن انٹیلی جنس اور سائنٹیفک بنیادوں پر تفتیش سے اولکھ کے رہائشی 19 سالہ واصف کو ٹریس کیا۔ ایس ایچ او صدر پھولنگر راحیل خان نے ٹیم کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا۔ 19 سالہ واصف نے گرفتاری کے خوف اور جرم سرزد کی ندامت میں خود کو گولی مارکر خودکشی کر لی۔ مقتول کی نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔\378