یو اے ای اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ پر اتفاق

جمعرات 4 ستمبر 2025 11:24

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے یو اے ای میں جنوبی افریقہ بزنس کونسل کے ساتھ ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یو اے ای افریقی ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ براعظم افریقہ عالمی تجارتی ڈائنامکس میں بڑھتی ہوئی اہمیت کا حامل ہے۔

الزیودی نے بتایا کہ 2024 میں یو اے ای اور جنوبی افریقہ کی غیر تیل تجارت 8.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو 2023 کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ اور 2019 کے مقابلے میں 120 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

2025 کی پہلی ششماہی میں بھی یہ رجحان جاری رہا اور دوطرفہ غیر تیل تجارت 3.93 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ جنوبی افریقہ یو اے ای کا افریقہ میں دوسرا سب سے بڑا غیر تیل تجارتی شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان خوراکی تحفظ، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، سیاحت اور قابلِ تجدید توانائی جیسے منصوبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جو اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کے اہداف میں مددگار ثابت ہوں گے۔ملاقات میں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک ایسے منصوبے تیار کریں گے جو باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دیں اور دونوں اقوام کے لیے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کریں۔

رپورٹ کے مطابق 3,690 سے زائد جنوبی افریقی کمپنیاں یو اے ای میں کام کر رہی ہیں جن میں تعمیرات، مہمان نوازی، مالیاتی خدمات سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔ دوسری جانب، یو اے ای کی کمپنیوں کی جنوبی افریقہ میں موجودگی بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ڈی پی ورلڈ لاجسٹکس کے بڑے آپریٹرز میں شامل ہے جبکہ اے ایم ای اے پاور جنوبی افریقہ میں قابلِ تجدید توانائی پیدا کرنے میں مصروف ہے۔ جنوبی افریقہ افریقہ کا سب سے بڑا برآمد کنندہ اور بلند ترین جی ڈی پی رکھنے والا ملک ہے جسے نجی شعبے کے تعاون کے لیے خوراک، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں نمایاں طور پر اہم قرار دیا گیا ہے۔