آذربائیجان نے ترکیہ کے "فوسٹر فیملی وزارتی اعلامیہ" میں شمولیت اختیار کر لی

جمعرات 4 ستمبر 2025 11:23

باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) آذربائیجان نے ترکیہ کے "فوسٹر فیملی وزارتی اعلامیہ" میں شمولیت اختیار کر لی۔ آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے دورے کے دوران انار علیئیف کی قیادت میں آذربائیجان کی وزارت محنت و سماجی تحفظِ آبادی کے وفد نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندان و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ آذربائیجان اور ترکیہ کے صدور کی کوششوں کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات اسٹریٹجک اتحاد کی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ فریقین نے سماجی خدمات کے شعبے میں کامیاب تعاون اور مسلسل ترقی پذیر تعلقات کو سراہا۔انار علیئیف نے کہا کہ ترکیہ کی وزارت برائے خاندان و سماجی خدمات کی جانب سے تیار کردہ وزارتی اعلامیہ برائے فوسٹر فیملی بچوں کی خاندانی ماحول میں پرورش کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلامیے کو فوسٹر کیئر سسٹم کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا اور اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے سماجی خدمات میں بامقصد تعاون خصوصاً فوسٹر فیملی ماڈل کے تناظر میں تجربات کے مسلسل تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر انار علیئیف نے وزارتی اعلامیہ پر دستخط کیے۔

اعلامیے میں مختلف ممالک کے درمیان بہترین تجربات کے تبادلے کے طریقہ کار کے قیام، فوسٹر فیملی سروسز کے فروغ اور 30 جون کو عالمی "فوسٹر فیملی ڈے" کے طور پر منانے کی تجویز شامل ہے تاکہ عوامی آگاہی میں اضافہ کیا جا سکے۔دستاویز میں "فوسٹر فیملی ورکنگ گروپ" کے قیام کی شق بھی شامل ہے جس میں مختلف ممالک کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ فوسٹر فیملی سروسز میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :