کیموتھراپی کے مریضوں کے بالوں کو برقرار رکھنے میں مدد کے لیے شیمپو جیل تیار

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) سائنسدانوں نے کیموتھراپی کے مریضوں کو علاج کے دوران اپنے بالوں کو گرنے سے بچانے میں مدد دینے کے لئے ایک شیمپو تیار کر لیا ہے ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے ایک شیمپو جیسا جیل تیار کیا ہے جو کیموتھراپی کے مریضوں کو علاج کے دوران اپنے بالوں کو گرنے سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔

اس شیمپو کا جانوروں کے ماڈلز پر تجربہ کیا گیا ہے ، ہائیڈروجیل ’واسکو کانسٹرکٹر‘ ادویات کو براہ راست کھوپڑی تک پہنچاتا ہے، خون کی نالیوں کو تنگ کرتا ہے اور کیموتھرپی ادویات کے بالوں کی جڑوں میں بہاؤ کو کم کرتا ہے۔فی الحال، کیموتھراپی کی وجہ سے بالوں کے جھڑنے کو روکنے کے لیے واحد منظور شدہ علاج’’ کولنگ کیپس‘‘ کا استعمال ہے، جو محققین کا کہنا ہے کہ مہنگا ہے اور اکثر اس کے ضمنی اثرات سامنے آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سائنسدانوں کے مطابق جیل کو خاصی مقدار میں پانی جذب کرنے،لڈوکین اور ایڈرینالین کو ایک توسیعی مدت میں استعمال کے ایریا میں پہنچانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں محققین بالوں کے گرنے میں ڈرامائی کمی آنے کے دعویدار ہیں ۔مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی میں بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر برائن سمتھ نے کہا کہ کیموتھراپی کی وجہ سے بالوں کے گرنے سے نمٹنے کی ضرورت پوری نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عملی استعمال کے لیے، یہ جیل درجہ حرارت کی تبدیلی کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے ،جسمانی درجہ حرارت پر، جیل موٹا ہوتا ہے تاکہ اسے کھوپڑی سے چپکایا جاسکے، جبکہ ٹھنڈے درجہ حرارت پر یہ پتلا ہوجاتا ہے، جس سے یہ آسانی سے دھویا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :