بانی پی ٹی آئی کے بھانجے کی ایک لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت منظور

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں9مئی جلائو گھیرائو کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ضمانت کے عوض ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔قبل ازیں عدالت نے درخواست ضمانت پر درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم شیر شاہ کی ایک لاکھ مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کرلی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیاتھا۔سماعت کے دوران علیمہ خان، عظمی خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اہلیہ مہرین قریشی بھی عدالت میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ملزم کے وکلا رانا مدثر اور بیرسٹر تیمور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شیر شاہ کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی توڑ پھوڑ میں ملوث ہے۔

صرف ایک ملزم کی نشاندہی پر دوسرے کو ملوث نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ایسے ملزمان جن پر زیادہ سنگین الزامات تھے انہیں ضمانت مل چکی ہے عدالت کو بتایا گیا کہ ابھی تک ملزم کے خلاف چالان بھی پیش نہیں کیا گیا۔لہذا شیر شاہ کو بھی ضمانت دی جائے۔ عدالت نے درخواست گزار ملزم کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ۔بعد ازاں عدالت نے ملزم شیر شاہ کی درخواست ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ سنایا ۔یاد رہے کہ شیر شاہ کو تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمے میں گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے ۔