چین نے شمالی کوریا اور روس کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف سازش کے الزامات کو مسترد کر دیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:24

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) روس کے بعد چین نے بھی امریکا کے اس الزام کو مسترد کیا ہے کہ وہ روس اور شمالی کوریا کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف سازش کر رہا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان تینوں ممالک کے رہنماؤں کی بیجنگ میں منعقدہ جنگِ عظیم دوم کی یادگاری تقریب میں شرکت کو امریکا کے خلاف سازش قرار دیا تھا۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے بیجنگ میں چینی فوجی ہارڈ ویئر کی نمائش کی ایک بڑی پریڈ میں چینی صدر کے ساتھ ملنے کے بعد امریکی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ولادیمیر پیوٹن اور کم جونگ اُن کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، جیسا کہ آپ امریکا کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کے بیان پر چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نےجمعرات کو بیان میں کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کو دوسری جنگ عظیم کے اختتام کے 80 سال مکمل ہونے پر یادگار ی تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا۔ یہ تاریخ کو یاد رکھنے، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے، امن کی قدر کرنے اور ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئےہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے کسی بھی ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات کی ترقی کبھی بھی کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی اعلیٰ سفارت کار کاجا کالس کے بیانات نظریاتی تعصب پر مبنی ہیں، ، بنیادی تاریخی شعور سے عاری ہیں اور دانستہ طور پر کشیدگی اور تصادم کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بیانات انتہائی گمراہ کن اور سراسر غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ لوگ تعصب اور تکبر کو چھوڑ کر دنیا میں امن، استحکام اور چین۔

یورپ تعلقات کے لئے مثبت کردار ادا کریں گے۔قبل ازیں روسی حکومت نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا۔ روس کے سرکاری عہدیدار یوری اوشاکوف نے ٹیلی گرام پر ایک انٹرویو میں اس حوالے سے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ امریکا کے خلاف کوئی ساز ش نہیں کر رہا اور جن رہنمائوں کا امریکی صدر نے اس حوالے سے نام لیا ہے ان میں سے کسی کے ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں ۔