وائس چانسلر جامعہ بلوچستان کی زیرصدرات پری یو ایف سی یونیورسٹیز فنانس کمیشن کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وائس چانسلر جامعہ بلوچستان کوئٹہ پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیرصدرات پری یو ایف سی یونیورسٹیز فنانس کمیشن کمیٹی کا اجلاس جامعہ میں جمعرات کومنعقد ہوا ۔ اجلاس میں بلوچستان کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور انتظامی افسران نے شرکت کی،جنہوں نے آئندہ یو ایف سی اجلاس سے قبل مالی حکمت عملیوں اور مجوزہ تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی۔

اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر، پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی،پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی آن لائن شریک،پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت اور ڈاکٹر منصور احمد، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈاکٹر محمود الحسن، نثار احمد اور سید اورنگزیب، رجسٹرارز بلوچستان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز اور ذیشان حسین، ٹریژرر بلوچستان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں گزشتہ پری یو ایف سی میٹنگ کی کارروائی کا جائزہ لیا گیا اور مالیاتی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے نئی تجاویز زیر بحث آئیں۔

شرکاء نے وسائل کے مؤثر استعمال، مالی شفافیت، اور تدریسی پروگرامز کے تسلسل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ بلوچستان کی جامعات کی ترقی اور پائیدار تعلیمی نظام کے لیے اسٹریٹجک مالی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کو حتمی منظوری کے لیے آئندہ یونیورسٹیز فنانس کمیشن اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔