راولپنڈی کینٹ کے ضمنی انتخاب؛ مسلم لیگ (ن) نے امیدوار کے چناؤ کے لیے 9 رکنی انتخابی بورڈ قائم کر دیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابرار احمد نے پارٹی قیادت کی ہدایات پر راولپنڈی کینٹ وارڈ نمبر 8 کے ضمنی الیکشن میں موزوں امیدوار کے لئے مقامی قیادت پر مشتمل 8 رکنی انتخابی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔انتخابی بورڈ میں مسلم لیگ (ن) این اے 55 کے صدر چوہدری طیب، جنرل سیکرٹری راجہ عرفان امتیاز، رکن پنجاب اسمبلی ملک افتخار احمد، رکن پنجاب اسمبلی ملک منصور افسر، ملک فضل الرحمان سیٹھ، رشید خان، شوکت بٹ، ملک صغیر احمد اور سلیمان حیدر شاہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ انتخابی بورڈ نہ صرف خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں وصول کرے گا بلکہ موزوں امیدوار کی قیادت کو سفارش بھی پیش کرے گا تاکہ پارٹی بہترین نمائندے کے ذریعے عوامی خدمت کو یقینی بنا سکے۔ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن) ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ پارٹی عوامی امنگوں کی ترجمان ہے اور قیادت کی ہدایات کے مطابق شفاف اور مشاورت پر مبنی طریقہ کار اپناتے ہوئے ہی امیدوار کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے اور وارڈ نمبر 8 کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے۔