نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام”سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اکیسویں صدی کے تناظر میں“ خصوصی تقریب کا انعقاد

جمعرات 4 ستمبر 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) نیشنل بک فائونڈیشن، وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیراہتمام ”سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اکیسویں صدی کے تناظر میں“ عید میلا دالنبیؐ کے مبارک مہینے کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز ماہر تعلیم ، دانشور چیئرمین قومی رحمت اللعالمین خاتم النبیین اتھارٹی خورشید احمد ندیم تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور معروف نعت خوان عدنان محمود اعوان نے نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی اور محفل میں ایک سماں باندھ دیا۔ مہمان خصوصی خورشید احمد ندیم نے”سیرت النبیؐ اکیسویں صدی کے تناظر “کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا کہ سیرت نگاری عام طور پر کچھ لوگ سوانحی لکھتے ہیں مگر اب ہمیں 21 ویں صدی کے چیلنجوں کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

اب آج کے انسان کی سوچ کا زاویہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ بلا شبہ سیرت النبیؐ میں وہ سب کچھ موجود ہے جو 15،14 سو سال پہلے تھا اور آج کے جدید انسان کی ضرورت ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر ہم آج کے موضوع کے ساتھ جوڑ کر بات کریں گے تو ہمیں ہر سوال کا جواب ملے گا۔ کائنات کے بارےمیں جو تصورات آج کے بھی ہیں ۔ یہ سب کچھ چودہ ،پندرہ سو سال پہلے ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بتا دیا ہے ۔

خورشید احمد ندیم نے اکیسویں صدی کے تناظر میں سیرت النبیؐ“ کے موضوعات پر وضاحت سے روشنی ڈالی۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، علمائے دین اور دانشوروں ، ڈاکٹر ریاض محمود، وہاج احمد اور ابوبکر الیاس نے ”سیرت النبیؐ اکیسویں صدی کے تناظر “کے حوالے سے موضوعات پرجامع اور تفصیلی گفتگو کی۔ شرکا نے دین اسلام ایک ضابطہ حیات ہے، پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

آج کے انسان کی سوچ، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر دوسری زبانوں میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تفسیر دوسروں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام دنیا کے علوم اور سیرت کے اعتبار سے اور عملی زندگی میں پیش نظر رکھتے ہوئے دنیا کی تمام شخصیات سے سب سے پہلے نمبر پر رکھا جاتا ہے ۔

ایم ڈی نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر نے مہمانان گرامی اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے حوالے سے کہا کہ آج کی تقریب سب سے الگ اور مفید ہے جس سے ہم نے ایسے صاحبان علم و فضل سے بہت کچھ سیکھا۔ ایسی تقریب اور ایسے موضوعات کی معاشرے کے لیے اشد ضرورت ہے ۔ ہم نیشنل بک فائونڈیشن میں ایسی تقریبات کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ اس کے لیے ہمیں آپ جیسی شخصیات اور صاحبان علم و دانش کا تعاون درکار ہوگا۔ اس باوقار تقریب میں اسلام آباد ،راولپنڈی کے اہل قلم خواتین و حضرات اور صاحبان ذوق کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ نظامت کے فرائض نازیہ رحمٰن نے بخوبی سرانجام دیئے۔