کمشنر،آر پی او ڈیرہ غازی خان کی زیر صدارت اجلاس،12 ربیع الاول کو سکیورٹی اقدامات کا جائزہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں جملہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ،ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ریجن بھر میں لاء اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال سمیت 12 ربیع الاول عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے تمام اضلاع میں کیے گئے سکیورٹی اقدامات ،تھریٹ الرٹس، اقلیتی عبادت گاہوں اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی سمیت پنجاب کے پی کے بارڈر پر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو 12 ربیع الاول کے سیکورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد کو یقنیی بنانے، جلوسوں کے روٹ اور محفل میلاد کے پروگرامز کے گردونواح کے علاقہ جات میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کرنے ،شہروں کے داخلی و خارجی راستوں، بین الصوبائی بارڈرز ،چیک پوسٹوں اور انٹری پوائنٹس پر آئی ٹی ایپس کے ذریعے سخت سکیورٹی اور چیکنگ کو جاری رکھنے اور جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کوہر صورت یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔

(جاری ہے)

آر پی او نے ہدایات جاری کیں کہ 12 ربیع الاول پر جلوس کے روٹس میں آنے والی گلیاں اور سٹرکوں کو بذریعہ خار دار تار اور بیریئر بند رکھا جائے۔ 12 ربیع الاول کے تمام پروگرامز کی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ اور ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت زیادہ سے زیادہ کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ اجلاس کے دوران کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ہدایت جاری کیں کی 12 ربیع الاول کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرز جلوسوں کے روٹس کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیں۔ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں تمام مکاتب فکر کو باہمی رواداری سے پہلے سے طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کا پابند کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :