ناقص تفتیش اور نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی پر ایف آئی اے کے 5 اہلکار برخاست

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ نےمحکمانہ سماعت کے بعد 5 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔برطرف کئے گئے اہلکاروں میں 4 سب انسپکٹرز اور ایک لوئر ڈویژن کلرک (ایل ڈی سی) شامل ہیں جو اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور زون میں تعینات تھے۔

ان اہلکاروں پر بدنیتی پر مبنی ناقص تفتیش اور نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ نے اس موقع پر کہا کہ غفلت، لاپرواہی اور ناقص تفتیش کے مرتکب اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن، بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق ادارے میں جاری احتسابی عمل کا مقصد اسے کالی بھیڑوں اور بدعنوان عناصر سے پاک کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفاف احتسابی نظام ہی انسانی سمگلنگ اور کرپشن جیسے جرائم کے خاتمے کی ضمانت ہے، اس لئے غفلت یا بدنیتی برتنے والے افسران اور اہلکاروں کو قرار واقعی سزائیں دی جاتی رہیں گی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ادارہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کسی بھی سطح پر بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمیوں کو برداشت نہ کیا جائے۔