Live Updates

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی پوری قوم سے سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کرنے کی اپیل

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پوری پاکستانی قوم کو سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ سیلاب متاثرین نازک موڑ سے گزر رہے ہیں اورانہیں کسی صورت اکیلا نہ چھوڑا جائے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول میں سابق وفاقی وزیر سید تنویر الحسن گیلانی کے چہلم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

سید یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ کہ ملکی موجودہ سیلابی صورتحال میں پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنی چاہیے۔سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم تنویر الحسن گیلانی کی انجمن اسلامیہ کے پلیٹ فارم سے سیاسی، سماجی اور مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،ان کا بیٹا عامر گیلانی بھی اپنے والد کے مشن کو لگن کے ساتھ آگے لیکر بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران چیئرمین سینیٹ نے اپنے بزرگ مرحوم مخدوم ولایت حسین گیلانی کی سماجی ،سیاسی و مذہبی خدمات پر بھی روشنی ڈالی،جنہوں نے انجمن اسلامیہ کی بنیاد رکھی اور بعد ازاں 1954 سے 1982 تک شوکت گیلانی کی قیادت میں اور آخر میں تنویر الحسن گیلانی کی قیادت میں انجمن اسلامیہ کو مزید تقویت ملی۔سید یوسف رضا گیلانی نے انجمن اسلامیہ کے نئے سرپرستوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ گیلانی خاندان ہمیشہ اپنی قیادت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ سینیٹ نے عید میلاد النبی 12 ربیع الاول کو سرکاری سطح پر منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے جبکہ انجمن اسلامیہ کی ہزار سالہ تقریبات بھی اسی سال منعقد ہوں گی۔انہوں نے انجمن اسلامیہ تنظیم کی سرگرمیوں کی حمایت میں سابق وفاقی وزیر جاوید ہاشمی اور سینیٹر رانا محمود الحسن کے گرانقدر کردارکا تذکرہ بھی کیا۔تقریب میں مخدوم یزدانی گیلانی، سہیل گیلانی، وجاہت گیلانی اور شہر اولیا کے دیگر سیاسی و سماجی معززین سمیت مریدین بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات