مردان، کاٹلنگ کے علاقے کٹی گھڑی اڈہ میں پولیس مقابلہ، تین اشتہاری گرفتار

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) مردان: کاٹلنگ کے علاقے کٹی گھڑی اڈہ میں پولیس مقابلہ کے دوران تین خطرناک اشتہاری گرفتار کر لیے گئے ۔مردان پولیس تر جمان کے مطابق ڈی ایس پی کاٹلنگ سرکل اظہار شاہ خان اور ایس ایچ او تھانہ کاٹلنگ اعجاز خان کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کٹی گھڑی اڈہ میں خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران ملزمان مجاہد شاہ، اصغر شاہ اور عباس (پسران رحیم شاہ ساکنان کٹی گھڑی اڈہ) نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او کا گنر سیف اللہ زخمی ہو گیا۔ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے بھرپور مزاحمت کرتے رہے۔ اس دوران پولیس نے بکتر بند گاڑی موقع پر داخل کی اور ملزمان کو قابو میں لانے کے لیے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے۔ محاصرے اور مقابلے کے بعد پولیس نے تینوں مطلوب اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا، جن میں سے مجاہد شاہ زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔پولیس نے کارروائی کے دوران ایک کلاشنکوف اور دو پستول برآمد کر لیے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔