راجووال، جشن عید میلاد النبی کی بھرپور تیاریاں مکمل

مرکزی جلوس درسگاہ سے برآمد ہوگا، سیکیورٹی سخت، شہر سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:44

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)راجووال میں جشن عید میلاد النبی کی بھرپور تیاریاں مکمل،مرکزی جلوس درسگاہ سے شروع ہوگا، سیکیورٹی سخت، شہر سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح راجووال اور حجرہ شاہ مقیم میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے قبل از وقت اقدامات کیے گئے جبکہ شہریوں اور دینی تنظیموں کی جانب سے بھی جوش و خروش سے تیاریاں جاری ہیں۔ مرکزی جلوس درس گاہ جامعہ فیض محمدیہ فخریہ سے برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا شہر کی گلیوں اور بازاروں سے گزرتا ہوا قلندی گیٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مختلف دینی و مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام دیگر مقامات سے بھی جلوس نکالے جائیں گے جن میں علمائے کرام اور بڑی تعداد میں شہری شرکت کریں گے۔ شہر بھر میں لوگوں نے اپنے گھروں، دکانوں اور عمارتوں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا ہے جبکہ رات کے وقت خصوصی چراغاں کیا جائے گا۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی بچوں کی دلچسپی کے لیے شہر بھر میں مختلف مقامات پر عربی ثقافت کی عکاسی کرتی پہاڑیاں تیار کی گئی ہیں۔

12 ربیع الاول کو نماز مغرب کے بعد ان پہاڑیوں کو رنگ برنگے کھلونے اور دیگر دیدہ زیب اشیاء سے انتہائی دلکش انداز میں سجایا جائے گا جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں کا تانتا رات گئے تک بندھا رہے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کا یہ موقع نہ صرف محبت و عقیدت کا اظہار ہے بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظہر بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :