چارسدہ پولیس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی رپورٹ، 753 ملزمان گرفتار

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان کی نگرانی میں چارسدہ پولیس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب مجموعی طور پر 299 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور منشیات فروشی میں ملوث 753 ملزمان کو بھی گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا جن میں 22 رائفل، 44 شارٹ گن، 829 پستول، 37 ایس ایم جی، 5 کالاشنکوف، 8 میٹر پرائما کارڈ اور 18 ہزار 511 مختلف بور کے کارتوس شامل ہیں۔ اسی طرح انسداد منشیات کی کارروائیوں میں 252 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے 170.444 کلوگرام آئس، 64.405 کلوگرام چرس اور 3 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ چارسدہ پولیس کی ان کامیاب کارروائیوں کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔ ڈی پی او چارسدہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ چارسدہ کو ایک پرامن اور محفوظ ضلع بنایا جا سکے۔