کلرسیداں پولیس کی بڑی کارروائی، قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری گرفتار

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:00

کلرسیداں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) کلرسیداں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سابقہ رنجش پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کر دیا تھا، جبکہ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہگیر خاتون بھی زخمی ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ نومبر 2024 میں پیش آیا تھا جس کا مقدمہ متعلقہ تھانہ کلرسیداں میں درج کیا گیا۔

پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ اب تک ملزم کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مرکزی اشتہاری کو بھی پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بھرپور محنت کے نتیجے میں گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اسے جلد ہی چالان مکمل کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔\378