راولپنڈی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں ،قتل ،زیادتی،شراب فروشی اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے قتل ،زیادتی،شراب فروشی اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث پانچ ملزمان گرفتارکرلئے ۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق ویسٹریج پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو سرکاری افسر ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا، زیر حراست شخص نے اپنا تعارف اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر کروایا، زیر حراست شخص سے جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا، کلر سیداں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کرلیا،اشتہاری نے سابقہ رنجش پر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے شہری کو قتل کر دیا تھا، فائرنگ سے راہگیر خاتون بھی زخمی ہوئی تھیں، واقعہ کا مقدمہ نومبر 2024 میں درج کیا گیا، کلرسیداں پولیس نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری کو گرفتار کیا، اشتہاری کے 04 ساتھیوں کو قبل ازیں گرفتار کیا جا چکا ہے، سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے زیادتی کرنے والے اشتہاری کو گرفتار کرلیا، اشتہاری نے ساتھیوں کے ہمراہ خاتون سے زیادتی کی تھی، اشتہاری سال 2024 سے سول لائنز پولیس کو مطلوب تھا، بنی پولیس نے ایک فرد کو حراست میں لے کر 05لیٹر شراب برآمدکی،ٹیکسلا پولیس نے ایک فرد کو حراست میں لے کر اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرکے الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔